سنی علماء کونسل بلوچستان کی جانب سے سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یومِ وفات پر کامیاب ریلی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا شکریہ
کوئٹہ (اہلسنت میڈیا بلوچستان) — 16 دسمبر 2025
سنی علماء کونسل بلوچستان کے امیر مولانا محمد رمضان مینگل نے خلیفۂ اول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یومِ وفات کے موقع پر نکالی جانے والی کامیاب ریلی پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ریلی کے دوران مؤثر سیکیورٹی انتظامات نے ایک مثبت مثال قائم کی، جس کے باعث شہریوں نے بڑی تعداد میں پُرامن انداز میں شرکت کی۔
صوبائی امیر سنی علماء کونسل بلوچستان مولانا محمد رمضان مینگل نے اپنے بیان میں کہا کہ سنی علماء کونسل بلوچستان ہمیشہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین، خلفائے راشدین اور اہلِ بیت اطہار کے احترام، عظمت اور ناموس کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقدس ہستیوں کے ایام محض مذہبی تقاریب نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے رہنمائی، اتحاد اور کردار سازی کا ذریعہ ہیں۔
انہوں نے حکومتِ وقت سے مطالبہ کیا کہ خلفائے راشدینؓ کے ایام کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے اور ان ایام کو سرکاری سطح پر منانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے نئی نسل کو اسلامی تاریخ، عدل، دیانت اور قیادت کے سنہری اصولوں سے آگاہی حاصل ہوگی۔
صوبائی امیر سنی علماء کونسل بلوچستان مولانا محمد رمضان مینگل نے بتایا کہ خلیفۂ اول سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یومِ وفات کے موقع پر سنی علماء کونسل بلوچستان کی جانب سے صوبہ بھر میں ریلیاں نکالی گئیں، جن میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، جماعت کے ذمہ داران، کارکنان، بہی خواہان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں نکالی گئی ریلی کو خاص طور پر سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس نے ریلی اور مظاہرے کے شرکاء کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی اور اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھایا۔ اس تعاون کے باعث پروگرام پُرامن اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوا۔
آخر میں صوبائی امیر سنی علماء کونسل بلوچستان مولانا محمد رمضان مینگل نے کہا کہ ایسے مواقع پر اتحاد، برداشت اور امن کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صحابہ کرامؓ اور خلفائے راشدینؓ کی سیرت کو اپنی عملی زندگی میں اپنائیں اور معاشرے میں اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
کوئٹہ مدح صحابہ رضی اللہ عنہ مطالباتی جلوس کی تصویری جھلکیاں دیکھنے کے لئے کلک کریں۔

Post a Comment